ہمیشہ بنگلا دیش کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ‘ پاکستان

130

اسلام آباد (آن لائن) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ امید ہے پاک بنگلہ دیش تعاون مزید بڑھے گا‘ امریکہ کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے دونو ں ممالک اس معاملے پر رابطے میں رہتے ہیں ۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں فارن سیکرٹری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوے غزہ پر بات چیت کی ۔ سیکرٹری خارجہ نے اسلاموفوبیا پر بھی بات کی۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے سائڈ لائن پر جموں وکشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ ایس سی او کے 23 ویں فارن اکنامک ٹریڈ کا اجلاس 13 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس کے لئے پاکستان نے دیگر ممالک کو دعوت نامے بھجوا دیے ہیں ۔ یہ ایس سی او ممبران ممالک کا سالانہ اجلاس ہوتا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی بھی اس میں شرکت متوقع ہے ۔ اس بارے میں مزید تفصیلات بعد میں د یں گے ۔ بنگلہ دیش عبوری حکومت کے مشیر کی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے بیان پر ردعمل دیتے ہوے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاک بنگلہ دیش تعاون مزید بڑھے گا ۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کی ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے ، ترجمان نے کہا پاکستان اور امریکہ کے انسداد دہشت گردی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی پر مستقل بات چیت رہتی ہے۔