آئندہ 5 سال میں آئی ٹی برآمدات کا 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے‘ وزیراعظم

124

اسلام آباد (اے پی پی)معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کے اقدام کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پہلی کروم بک پیش کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ’گوگل فار پاکستان – آگے بڑھو‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی عالمی سطح پر اور پاکستان میں خدمات لائق تحسین ہیں، نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ قابل ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی تعلیم اور بااختیار بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 5 سال میں آئی ٹی برآمدات کا 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے، آئی ٹی ماہرین ہدف کے حصول کے لیے اپنی تجاویز دیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے تجاویز دی جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ گورننس کو پیپر لیس بنانے اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق تجاویز دی جائیں، ڈیجیٹائز سے کرپشن کا خاتمہ، محصولات میں اضافہ اور وسائل کا موثر استعمال یقینی ہوگا۔تقریب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نئے سیکرٹری آئی ٹی کا تقرر کیا ہے اور یہ عمل شفاف طریقے سے ہوا ہے۔علاوہ ازیں، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی خدمات لائق تحسین ہیں،انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹائزیشن سے ہم اہداف حاصل کر سکتے ہیں ، ہم نے اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے، 75 ہزار آئی ٹی گریجویٹس کی فنی صلاحیتوں کو مزید مربوط کرنا ہے۔