شہباز شریف پر عدم اعتماد کرکے قومی اسمبلی سے مستعفی اختر مینگل دبئی روانہ

125
surprise

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف پر عدم اعتماد کرکے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے اختر مینگل دبئی روانہ ہو گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اختر مینگل نے پاکستان سے روانگی کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے میرا مستعفی ہونا قبول نہ کرنے پر مجھے حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مستعفی ہو چکا ہوں اور اس پارلیمنٹ کا حصہ رہنے کا میرا کوئی ارادہ نہیں۔

اختر مینگل کا کہنا تھا کہوہ (سیاسی جماعتیں) سمجھتے ہیں کہ وہ مجھے منا لیں گے، میری رائے بدلنے پر آمادہ کر لیں گے  اور اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں گے۔ لیکن مجھ سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ بلوچستان کے عوام سےمعافی مانگیں، تسلیم کریں کہ آپ نے ان کے پیاروں کو چھین کر ان کے دل دکھائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمی بلوچ اور ڈاکٹر ماہ رنگ سے معافی مانگیں کہ آپ نے انہیں اس وقت مارا جب وہ صرف آپ سے بات کرنا چاہتے تھے۔ میں صرف اختر مینگل نہیں ہوں، میں اس عوام کا حصہ ہوں۔ جب آپ ان سے معافی مانگیں گے، تو آپ مجھ سے بھی معافی مانگ لیں گے۔ ‏مجھے کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، لیکن میرے ضمیر نے مجھے اس فیصلے پر مجبور کیا ہے۔

اختر مینگل نے پیغام میں لکھا کہ میں نے سب کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ ‏میں پاکستان میں نہیں تھا اور خود کو اس بوجھ سے نجات دلانے کے لیے آیا ہوں جو مہینوں سے میرے اوپر تھا اب میں آزاد ہوں۔ امید ہے کہ باقی لوگ بھی جلد اس حقیقت کا ادراک کر لیں گے۔ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے میں اب پرواز میں ہوں الوداع، پارلیمنٹ۔ شاید ہم اس وقت ملیں جب قانون کی حکمرانی قائم ہو۔