اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو وفاقی دارالحکومت میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے اگلے ہفتے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام حکومتی اتحادی پارٹیوں کے ارکان کو وفاقی دارالحکومت ہی میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو اسلام آباد رہنے کی ہدایت جاری کیے جانے کے بعد ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے ارکان کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ذمے داری قومی اسمبلی میں چیف وہپ طارق فضل کو سونپی گئی ہے جب کہ ڈاکٹر طارق فضل نے تمام ارکان سے بھی رابطہ کرلیا اور بیرون ملک موجود ارکان کو واپس بلا لیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں آئندہ ہفتے کسی بھی رکن کو بیرون ملک جانے سےروک دیا گیا ہے۔