اسلام آباد: حکومت نے بلڈرز اور ڈیولپرز پر پراپرٹی کی خریداری پر ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے ڈیولپرز اور بلڈرز پر پراپرٹی کی خریداری پر مزید ٹیکس عائد کیا گیا ہے، اس حوالے سے ایف بی آر نے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق انکم ٹیکس ادا کرنے والے پلاٹ اور مکانات خریدنے پر 3 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جب کہ انکم ٹیکس تاخیر سے ادا کرنے والے پلاٹ اور مکانات خریدنے پر 5 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔
نان فائلرز کی جانب سے پلاٹ و مکانات خریدنے پر 7 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈیولپرز اور بلڈرز خریداری کے وقت یہ ڈیوٹی ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ ایف بی آر نے پراپرٹی پر ڈیوٹی کی ادائیگی کے لیے مخصوص فارمز بھی جاری کر دیے ہیں اور تمام ڈیولپرز اور بلڈرز ایف بی آر کے متعلقہ کمشنر کو ماہانہ اسٹیٹمنٹ پیش کریں گے۔