لاڑکانہ: اہلیہ کے بہیمانہ قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاج

27

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تعلقہ میرو خان کے گاؤں بھانو مگسی کے رہائشی نے اپنے خاندان کے ساتھ مل کر چند روز قبل مبینہ طور پر بااثر مسلح افراد کے ہاتھوں اہلیہ کے بہیمانہ قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر احتجاج کرنے والے محنت کش شوکت مگسی نے اپنے معصوم بچوں آصفہ، عذرا، فرحان، علی شناور، علی رضا، ساس سبحان خاتون اور سالی محمد علی مگسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 اگست کو میرے بااثر بہنوئی احمد علی مگسی نے اپنے رشتہ دار میہر مگسی کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے میری بیوی افروز خاتون کو بے دردی سے قتل کر دیا، واقعے کا مقدمہ میرے سالے محمد علی مگسی کی شکایت پر پولیس تھانہ کھبڑ میں مذکورہ ملزمان کے خلاف درج کیا گیا، لیکن پولیس نے اب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملزمان مجھے اور میرے رشتے داروں کو مقدمے سے دستبردار ہونے کی لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، وزیر اعلیٰ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی قنبر شہداد کوٹ اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر اہلیہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کیا جائے۔