بلوچستان پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے،اسد قیصر

93

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق اسپیکر ، رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اخترمینگل نے مایوس ہوکر قومی اسمبلی سے استعفا دیا، اگر سیاسی لوگ اس طرح مایوس ہوں گے تو ایوان کا کوئی فائدہ نہیں،حکومت قوم پر رحم کریں اور بلوچستان ایشو پر سنجیدگی سے بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسمبلی کے فلور پر دو دن بات کی کہ بلوچستان کے حوالے سے بحث ہونی چاہیے لیکن حکومت نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ اخترمینگل جیسے ماڈریٹ شخص سابق وزیراعلیٰ اخترمینگل نے استعفا دیا۔ یہ بہت زیادہ تشویشناک بات ہے۔ارکان اسمبلی اگر دلبرداشتہ ہوکر استعفا دیتے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی وجہ سے وہ اپنے علاقے میں عزت کھو رہے ہیں،اخترمینگل نے مایوس ہوکر قومی اسمبلی سے استعفا دیا۔اگر سیاسی لوگ اس طرح مایوس ہوں گے تو پھر اس ایوان کا کوئی فائدہ نہیں۔حکومت کو کہنا چاہتے ہیں خدارا قوم پر رحم کریں، انا سے باہر نکلیں، بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر سنجیدگی سے بیٹھنا چاہیے، بلوچستان کی صورتحال سے دشمن قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ بلوچستان ایشو پر تمام اسٹیک ہولڈرز بیٹھیں۔ بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔