کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے طویل جدوجہد کے باعث جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کی توانا آواز بن گئی ہے۔اسلام ایک مکمل فلاحی نظام ہے جو غالب ہونے کے لیے آیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ضلع شرقی ارقم اسلامک سینٹر میں حلقہ خواتین کی ضلعی وعلاقائی ذمے داران ناظمات اور نگرانوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظمہ ضلع ندیمہ تسنیم رابطہ عوام مہم کی نگراں فرحانہ مظہرنگراں نشرواشاعت صائمہ عاصم نے بھی خطا ب کیا۔ جاوداں فہیم نے کہا کہ عوام الناس میں نفوذ کے لیے ہماری قیادت نے بھرپور جدوجہد کے ذریعے موافق فضا تیار کردی ہے۔ یہ ایک اہم موڑ ہے کہ اب ہمیں اس قوم کو اپنے ساتھ لیکر چلنا ہے۔ اس موافقت کو اپنے حق میں استعمال کرنا ہے اور ملکی سطح پر قیادت کے خلا کو پر کرنا ہے۔ اپنی علمی استطاعت میں اضافہ کیجئے۔ تحریکِ اسلامی کے مفید لٹریچر کا مطالعہ کریں اور راستے بنائیں۔ عوام تک پہنچیں۔ اپنے نظم کے مہیا کردہ اہداف پر دل جمعی سے کام کرنا ہوگا۔ نوجوان طبقے کو بطورِ خاص اپنے ساتھ شامل کریں۔ ہماری تمام برادر تنظیمات اس مہم میں فعال رہیں گی۔ جاوداں فہیم نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کا پیغام عوام الناس تک پہنچا چکے ہیں۔ اب ہمارا کام ہے ہر سطح تک اس پیغام کو عام کرتے ہوئے لوگوں کو اپنے ساتھ ملانا شروع کردیں۔اجلاس سے ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم ، رابطہ عوام مہم کی ضلعی نگراں اور نائب ناظمہ ضلع شرقی فرحانہ مظہر نے بھی خطاب کیا۔