کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کی عائشہ ممتاز نے ابوظہبی میں ایشین جونیئر اینڈ اسکول باکسنگ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناکر تمغہ یقینی بنالیا ،سرگودھا سے تعلق رکھنے والی اسکول کی طالبہ 15سالہ عائشہ ممتاز ایونٹ میں 46کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں شریک تھیں،عائشہ ممتاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے اپنی شاندار تکنیکی مہارت اور حکمت عملی کا ثبوت دیتے ہوئے ویتنام کی تھی ہونگ ین نگوئن کو شکست دی،اس فتح نے ان کے لیے کانسی کا تمغہ یقینی کر دیا ہے۔اس کے ساتھ عائشہ ممتاز ایشین سطح پر باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی دوسری خاتون باکسر بن گئیں،عائشہ ممتاز اس ایونٹ میں پاکستان کی واحد باکسر تھیں، اپنی بائوٹ میں انہوں نے غیر معمولی تکنیکی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بائیں ہاتھ کے ہکس اور بہترین حملے نگوئن کے خلاف فیصلہ کن ثابت ہوئے، جس نے ان کی سیمی فائنلز میں جگہ کو یقینی بنایا اور ایک مضبوط حریف کے طور پر ان کی حیثیت کو مستحکم کیا۔یاد رہے کہ 2022میں پاکستان کی ہادیہ کمال نے اردن میں ایشین جونیئر چیمپئن شپ کا کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔