بیرسٹرسیف نے علی امین گنڈاپور اور مراد سعید کے رابطوں کی تردید کردی

159

پشاور (آن لائن) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور روپوش پی ٹی آئی رہنماءمراد سعید کے رابطوں کی خبر کی تر دید کر دی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، مراد سعید صوبے کے انتظامی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کر رہے، شکیل خان کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے مراد سعید سے کوئی بات چیت نہیں کی، شکیل خان سے متعلق فیصلہ گڈ گورننس کمیٹی رپورٹ کے تناظر میں کیا گیا، عاطف خان سے متعلق بھی
وزیراعلیٰ کا مراد سعید سے کوئی رابطہ نہیں۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ مخالفین غلط خبریں پھیلا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، مشعال یوسفزئی سمیت تمام رہنما پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے منظم ہیں، علی امین گنڈاپور انتظامی اور سیاسی معاملات میں بانی پی ٹی آئی کی رہ نمائی حاصل کرتے ہیں۔