پاکستان کو تاریخی شکست‘ بنگلادیش نے پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

187
راولپنڈی: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسن ٹیسٹ سیریز جیتنے پر سی ای او بلیو ورلڈ سٹی ندیم اعجاز سے ٹرافی وصول کررہے ہیں

راولپنڈی /کراچی(سید وزیرعلی قادری) بنگلا دیش نے پاکستان کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور پاکستان کو سیریز میں تاریخی وائٹ واش کردیا،بنگلا دیش سے ہوم ٹیسٹ میں تاریخی وائٹ واش ہونے پر پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ابھی بہت کرکٹ باقی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 2 صفر سے وائٹ واش کردیا، پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلا دیش نے دونوں میچز باآسانی جیتے، دوسرے ٹیسٹ میں 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ بنگلادیش کے لٹن داس پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے اپنی دوسری اننگز میں 138 رنز اسکور کیے تھے۔ بنگلادیش کے مہدی حسن میراز پلیئر آف دی سیریز قرار پائے جنہوں نے سیریز میں 155 رنز بنائے اور دس وکٹیں حاصل کیں۔ بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا اور منگل کو مہمان ٹیم نے اپنی اننگز 42 رنز سے آگے بڑھائی۔ اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہ ہوسکا تھا پھر دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 262 رنز بنا کر 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔ اس کے بعد پاکستان ٹیم نے 12 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی اور 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔ اس سے قبل پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلادیش نے قومی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔علاوہ ازیں راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا کہ بنگلا دیش سے شکست پر ہم قوم سے معافی مانگتے ہیں لیکن بحیثیت قوم ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کی طرف سوچنا ہوگا کہ کیسے بہتر کیا جائے۔ شان مسعود نے بتایا کہ سارا اسکواڈ میری مرضی اور مشاورت سے سلیکٹ ہوا تھا، ٹیسٹ کرکٹ میں ذہنی پختگی اور تجربے کی ضرورت ہوتی ہے، 10 ماہ بعد سب بولرز نے ریڈ بال کرکٹ کھیلی ہے۔ شان مسعود نے کہا کہ دونوں میچوں میں پچ مختلف تھی، بیٹگ اور بولنگ میں آغاز اچھا تھا لیکن اس کو جاری نہیں رکھ سکے، ہمیں اپنی کرکٹ کو مزید بہتر کرنا ہے،بہت کوشش کی لیکن جو مواقع ملے اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی بہت کرکٹ ہے جسے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔