لاہور: طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کا مقدمہ درج

183

لاہور: کینال روڈ پر طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں درج کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مقدمے میں امیر بالاج کے بھائی امیر فتح، قیصر بٹ، اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ قیصر بٹ نے واقعے سے لاتعلقی کا بیان دیا ہے۔

مقدمہ مقتول جاوید بٹ کے بیٹے حمزہ جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات 302، 324، اور 334 شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق جاوید بٹ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بچوں کو اسکول سے لانے کے لیے نکلے تھے جب ایف سی انڈر پاس کے قریب دو موٹرسائیکلز پر سوار چار افراد نے ان پر فائرنگ کی، جس سے جاوید بٹ موقع پر جاں بحق اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

نامزد ملزم قیصر بٹ نے وڈیو پیغام میں قتل سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کے سامنے خود کو پیش کرکے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔