ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ٹیم کو دھچکا، غیر ملکی کوچ سے محروم

177

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور قومی ٹیم سینئر کھلاڑیوں کے بعد غیر ملکی کوچ رولینٹ آلٹمنز کی خدمات سے بھی محروم ہوگئی۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 8 ستمبر سے شروع ہوگی اور پاکستان اپنا پہلا میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔ بتایا گیا ہے کہ چین میں موجود پاکستان ہاکی ٹیم مشکلات کا شکار ہے کیونکہ غیر ملکی ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق رولینٹ پاکستانی ٹیم کے ساتھ طویل معاہدہ کرنے کے خواہشمند ہیں جب کہ پاکستا ن ہاکی فیڈریشن ان سے ایونٹ ٹو ایونٹ کنٹریکٹ کرنا چاہتی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی رولینٹ آلٹمنز سے بات نہیں بن سکی لہذا وہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان ابوبکر کا بھی تاحال چین کا ویزا نہیں لگا ہے اور وہ آسٹریلیا میں لیگ ہاکی کھیل رہے ہیں۔