کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ کے بانی اور چیئرمین ، فراز الرحمان کی دبئی آمد پر انہیں بزنس کمیونٹی کی جانب سے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا یو اے ای چیپٹر کے صدر اقبال ایڈوانی، ویمن ونگ کی صدر رضوانہ شاہد، MLF اور PBGO دبئی چیپٹر کے اراکین اور دیگر نے ان کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا۔اپنے خطاب میں فراز الرحمان نے جی سی سی ممالک کیلئے پاکستان کی اہم خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی بحران سے نکلنے میں مدد کرنا وقت کی ضرورت ہے فراز الرحمان نے یو اے ای کے قونصل جنرل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا ہے انہوں نے ویزا کے عمل کو آسان بنانے کی درخواست کی تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ فراز الرحمان نے یو اے ای حکومت کے حالیہ ایمنسٹی اقدام کی تعریف کی جس کا اعلان 28 اگست کو کیا گیا تھا۔ اس اقدام کے تحت ایسے افراد جنہوں نے کسی بھی قسم کے ویزے، رہائشی یا وزٹ ویزا پر مقررہ مدت سے زیادہ قیام کیا ہے انہیں یکم ستمبر سے 14 دن کے اندر یا تو اپنا ویزا اسٹیٹس درست کرنے یا ملک چھوڑنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ایمنسٹی کے تحت مالی جرمانوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے انہوں نے شیخ محمد سے بھی درخواست کی کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی جائے۔ فراز الرحمان نے پاکستان بزنس گروپ کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کا مقصد چھوٹے کاروباری حضرات کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو ترقی دے سکیں۔
انٹر بینک میں ڈالر سستا
اوپن مارکیٹ میں مستحکم رہا
کراچی (کامرس رپورٹر )انٹر بینک میں پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر278.75 روپے سے کم ہوکر 278.60 روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 279.75 روپے پر بدستور مستحکم رہی فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 23 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قدر 308.29 روپے سے بڑھ کر 308.52 روپے پر جاپہنچی تاہم برطانوی پونڈ کی قدر366.55روپے پر برقرار رہی۔