اگست میں مہنگائی کی شرح کم ہونا حکومتی اقدامات کی عکاسی ہے‘ وزیراعظم

119
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں اگست 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے کے اعلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے،ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے ۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے،افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آئوٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کی عین مطابق ہے جس میں کیا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں ، 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، 2018 سے آئندہ چار برس میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی، مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا. وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھونگا،اللہ رب العزت کا بے پایاں کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں،حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ،عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں۔قبل ازیں ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی تقریباً 3 سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی گئی، اعداد وشمار کے مطابق افراط زر کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جو اگست میں 9.64 فیصد رہی یعنی اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جب کہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تھی۔کراچی کی بروکریج فرم، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، اگست کی ریڈنگ 34 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔اس طرح مالی سال 2025 کے پہلے 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران اوسط مہنگائی ڈبل ڈیجٹ 10.36 فیصد رہی جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 27.84 فیصد تھی۔اس سے قبل آخری بار ملک میں مہنگائی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دوران اکتوبر 2021 میں سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد پہلی بار اب مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ پر آئی ہے-ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست میں شہروں میں مہنگائی 0.27 اوردیہاتوں میں 0.55 فیصد بڑھی جس کے بعد اگست میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 11.71 فیصد اور دیہات میں یہ شرح 6.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں کمی اور دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔