نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان‘ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع

86

راولپنڈی (آن لائن)اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے توشہ خانہ سے بلغاری کمپنی کے بیش قیمت زیورات کے حصول سے متعلق نئے ریفرنس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 16 ستمبر تک توسیع کردی ہے جبکہ دونوں ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کے لیے 6 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے پیر کو اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر دونوں ملزمان اپنے وکلا بیرسٹر سلیمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری کے ہمراہ پیش ہوئے اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور عمیر مجید بھی موجود تھے اس موقع پر ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ سابق چیئرمین اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے ایک ہی طرح کے الزام میں 2ریفرنس نہیں بنائے جاسکتے جس پر نیب پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں لہٰذا عدالت توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرے عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا مسترد کردی توشہ خانہ ریفرنس میں الزام ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے توشہ خانہ سے بلغاری کمپنی کے زیورات خلاف قانون کم قیمت پر حاصل کیے تھے اور یہ زیورات مارکیٹ میں فروخت کر دیے ، جیولری سیٹ کی مالیت 7 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی جس میں قیمتی ہار اور دیگر زیورات شامل ہیں اس ریفرنس میں ملزمان نے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے یاد رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے 13 جولائی کو دونوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا جبکہ عدالت نے 14 جولائی کو ملزمان کا پہلا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے نیب حکام کو جیل میں تفتیش کی ہدایت کی تھی۔