مراد سعید کا علی امین و دیگر کے ساتھ رابطوں کا انکشاف

54

پشاور (آن لائن) 9 مئی سے روپوش پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی قیادت سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد سعید روپوشی کے باوجود کے پی حکومت اور پارٹی کے اہم فیصلے کرنے والوں میں شامل ہیں جن میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت متعدد رہنما سابق وفاقی وزیر سے رابطے میں ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ روپوش مرادسعید نے عاطف خان اور شکیل خان کو عہدوں سے ہٹانے کی تحریک شروع کی جبکہ مرادسعید نے ہی علی امین گنڈاپور کو شکیل خان کے معاملات پر سخت ردعمل دینے پر بھی آمادہ کیا۔ پارٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے پی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات کے پیچھے بھی مراد سعید کا کردار ہے اور مراد سعید مخالف گروپ کے رہنما کی عمران خان سے ملاقات کرانے پر مشعال یوسفزئی کو بھی ہٹایا گیاہے۔