اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی ترقی کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے، ملکی ترقی کا انحصار سیاسی استحکام پر ہوتا ہے، بد قسمتی سے ہمارے ملک کو سیاسی تجربے کرتے کرتے اچانک ایک اناڑی کے حوالے
کردیا گیا جس نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ۔ ایک سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت تمام تر توجہ معاشی ترقی پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم او ر تحقیق کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر بھی ترقی کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک مسائل کا حل اسکالرز نکالتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کا کام صرف مقالہ لکھنا نہیں ہوتا بلکہ انہوں نے مسائل کا حل نکالنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بھی اس وقت ہمارے لیے ایک بڑ ا چیلنج بنی ہوئی ہے اس تبدیلی سے ہماری زراعت کا شعبہ بھی متاثر ہوا۔