نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ظالمانہ اور صنعت دشمن پالیسیوں نے ملک کے کروڑوں محنت کشوں کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے۔ روز بروز بڑھتی ہوئی بیروزگاری نے نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور جس ملک کا نوجوان طبقہ مایوسی کا شکار ہو جائے وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور صنعت دوست پالیسیاں متعارف کرائیں تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن سند ھ کی مجلس عاملہ اور زونل صدور اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا س موقع پر NLFسندھ کے نائب صدر قاسم جمال، نائب صدر شبیر بھٹی، صوبائی سیکرٹری محمد عمر شر، شہزادو پنھیار، عبد القیوم بھٹی، مبین راجپوت، خالد خان، محمد احسن شیخ اور دیگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شکیل احمد شیخ نے کہا کہ یوں تو پورے ملک میں صنعتوں اور صنعتی علاقوں کی حالت اچھی نہیں ہے لیکن سندھ میں تو تباہی ہے وہ بیان سے باہر ہے ہر روز ملازموں کی بڑی تعداد کو بے روز گار کیا جا رہا ہے۔ صنعتکاروں کے لیے گیس بجلی کے بھاری بھرکم بلز اور ٹیکسوں کی بھر مار نے صنعت چلانا تقریباً نا ممکن بنا دیا ہے ملک کے صنعتی علاقے ویران ہو رہے ہیں، بڑے صنعتکار اپنی صنعتیں ملک سے باہر منتقل کرنے پر مجبور ہیں، یہاں تک کہ صنعتیں سری لنکا اور بنگلا دیش منتقل ہو رہی ہیں جبکہ چھوٹے صنعتکاروں کے پاس صرف ایک ہی حل ہے کہ وہ صنعت بند کریں اور اپنی رقم بینک میں ڈال کر ا س پر سود کھاتے رہیں۔ یہ صورتحال انتہائی سنگین ہے حکمران اپنے ذاتی مفادات کے لیے قومی اثاثہ ساہو کاروں کے ہاتھوں اونے پونے بیچ رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی شناخت مٹانے کے در پہ ہیں۔ اسٹیل ملز کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے اس کو بند کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے جو دنیا بھر میں پاکستان کی فضائی سفیر کا درجہ رکھتی ہے اسے فروخت کیا جا رہا ہے۔ ریلوے میں حکمران ٹرانسپورٹ مافیا کے ایجنٹ بن کر مال گاڑیاں چلانے سے گریزاں ہیں شاید حکمرانوں نے محکمہ ٹیلی فون اور KESC کی فروخت سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور نجی پاور پلانٹ مافیا کہ ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں کوئی آواز اٹھائے نہ اٹھائے NLF مافیاز اور حکمرانوں کے اس گٹھ جوڑ کے خلاف بھر پور جدو جہد کرے گی اور اسٹیل مل اور یوٹیلیٹی اسٹور کی بندیش، پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر قاسم جمال، سیکرٹری محمد عمر شر، شبیر احمد بھٹی اور دیگر نے کہا کہ NLFہی ملک کے لاکھوں محنت کشوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو محنت کشوں کے مسائل پر آواز بلند کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ اس موقع پر زونل صدور نے اپنے اپنے زون کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ شکیل احمد شیخ نے زونل ذمہ داروں کو محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی حمایت کی۔