خلیج بنگال سے نیا سسٹم داخل،کراچی میں4 ستمبرتک بارش متوقع

298

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی، کل سے ایک مغربی لہر کے ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں سسٹم کے تحت 3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔دوسری جانب کراچی میں 4 روز تک تیز ہوائیں اور خوب بارشیں برسانے کے بعد سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سے دور ہوگیا ہے۔ بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ٹراپیکل سائیکلون کا 9 واں الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے، گزشتہ12گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھا، اسنی کراچی کے جنوب مغرب سے 500
کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ سمندری طوفان اورماڑہ کے جنوب مغرب سے 350 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، مسقط عمان سے430 کلو میٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا طوفان سمندر ہی میں کمزور پڑ جانے کی توقع ہے۔طوفان کے زیر اثر کراچی میں 226 ملی میٹر تک بارشیں ہوئیں اور مختلف واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔