پاکستان میں ایم پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ

298

پشاور: پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد کیسز کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ارشاد علی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے 47 سالہ مریض میں ایم پاکس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، پشاور ایئر پورٹ پر میڈیکل ٹیم نے اسکریننگ کے دوران علامات ظاہر ہونے پر مریض کو پولیس سروسز اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ترجمان ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق ریپڈ ریسپانس ٹیم نے مریض کے زخم سے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوادیے تھے بعد ازاں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے مریض میں ایم پاکس مریض کی تصدیق کردی۔

انہوں نے کہا ہے کہ مریض کی حالت بہتر ہے اور وہ پولیس سروسز اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ مریض کا تعلق ضلع پشاور سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں سال 2024 میں یہ ایم پاکس کا چوتھا کنفرم کیس ہے، ابھی تک کوئی بھی لوکل کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

ترجمان ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق محکمہ صحت خیبر پختونخواہ نے ایم پاکس کے لیے نئے سرویلنس اور رسپانس کا مربوط نظام تشکیل دیا ہے۔