پاکستان 40 خاندانوں کا نہیں،24کروڑ عوام کا ہے ،جاوید قصوری

152

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے حکومت کی ناقص حکمت عملی، امیگریشن پالیسی اور عراقی ائر لائن کے جہازوں کی عدم دستیابی کے سبب ہزاروں پاکستانی بغداد ائر پورٹ پر محصور ہونے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد گزشتہ کئی گھنٹے سے عراقی ائر پورٹ پر محصور ہے، یورپ سمیت دیگر مغربی ممالک سے آنے والے افراد جو پاکستانی پاسپورٹ پر عراق کا سفر کر رہے ہیں وہ بھی اپنی فلائٹس مس کر چکے ہیں، حکومت مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور زائرین کو وطن واپس لانے کے لیے ہنگامی طور پر خصوصی پروازویں چلائے۔ انہوں نے کہا کہ اپسوس پاکستان کے سروے کے مطابق 94 فیصد عوام کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے، 90 فیصد افراد کی بچت صلاحیت عملاً ختم ہو چکی ہے جبکہ مستقبل میں معاشی بحالی سے مایوس پاکستانیوں کی شرح 70 فیصد ہو گئی ہے، معاشی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں، لوگ مہنگائی ہاتھوں تنگ آکر خود کشیوں پر مجبور ہیں، بجلی کے بلوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا، گیس بلوں میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لگانے کے فیصلے ہو رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب وزیر توانائی آئی پی پیز کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، انرجی ٹیرف اور مارک اپ میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے سے فیصل آباد کی 100 سے زائد چھوٹی بڑی فیکٹریاں بند ہو گئیں جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں، فیکٹریوں کو ایکسپورٹ آرڈرز ملنا بند ہو چکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان 40 خاندانوں کا نہیں، 24 کروڑ عوام کا ہے، ایسی پالیسیاں مرتب کی جانی چاہییں جن سے 99 فیصد عوام کو ریلیف میسر ہو، مٹھی بھر اشرافیہ 77 سال سے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے، اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے قوم اُٹھ کھڑی ہو اور حافظ نعیم الرحمن کا ساتھ دے، جماعت اسلامی عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہ ملنے تک سٹرکوں پر ہے، حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ایک ایک دن گن رہے ہیں، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔