عدالت عظمیٰ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا بل تیار

85

اسلام آباد (صباح نیوز)حکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹردانیال چوہدری نے سپریم کورٹ میں ججزکی تعدادمیں اضافہ کے ترمیمی بل کو حتمی شکل دے دی،تین ستمبرمنگل کو ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا انھوں نے ہائی کورٹس کے ججزکے تبادلوں کی قانون سازی کی تجویزبھی پیش کردی ہے نجی بلز کے پیش نظر ان اہم معاملات پر تمام جماعتوں کے ارکان سے رابطہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں
نے ہفتہ کو اسلام آباد کلب میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ان کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے اعزازمیں ظہرانہ دیا گیا۔صدرپی ایف یو جے محمدنوازرضا،صدرآرآئی یوجے راناکوثر،سابق صدر قیصر شاہ، طارق سمیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ بیرسٹردانیال چوہدری نے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ ہے سالوں مقدمات زیرالتوء رہتے ہیں سائل کی دادرسی اور اصل شنوائی بروقت انصاف کی فراہمی ہے فیصلوں میں طویل تاخیر سے سماج میں دیگر مسائل بھی جنم لیتے ہیں انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہزاروں مقدمات کے طویل عرصہ سے فیصلے نہیں ہوئے ۔ مفادعامہ کا تقاضا ہے کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعدادمیں اضافہ کیا جائے۔ انھوں نے بل تیار کرلیا ہے،سپریم کورٹی میں سات ماہرججزکی تقرری کی تجویز دی گئی،سپریم کورٹ ایکٹ1997میں ترمیم تجویز کی ہے ۔عوامی مفاد کے پیش نظر توقع ہے، اس بل کو تمام جماعتوں کے ارکان کی حمایت حاصل ہوگی ترمیم کے تحت نئے ججز کی تقرری کے لئے نامزدگیاں جوڈیشل کمیشن کو ہی جائیں گی اور پارلیمانی کمیٹی جائزہ لے گی ۔ انھوں نے وزیراعظم شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کی حالیہ ملاقات کو اہم قرار دیا اور کہا کہ آئندہ ہفتہ قانون سازی کے حوالے سے اہم ہوگا ججز تعدادمیں اضافہ کا بل وہ اس منگل کو پیش کریں گے۔ بیرسٹردانیال چوہدری نے کہا کہ ہائی کورٹس کے ججز کی بھی روٹیشن ہونی چاہیئے کئی کئی سال ہائی کورٹس میں ججز ایک ہی موجود رہتے ہیں۔ اس کے لئے الگ سے بل تیار کیا جائے گا مجوزہ قانون سازی کے تحت اسلام آباد سے ججز صوبوں اسی طرح صوبوں سے باری باری ججز اسلام آبادآسکیں گے ۔