عمران خان پر سختی شروع ہو گئی ، علیمہ خان۔5 اسٹار ہوٹل والی سہولیات دی ہیں ،احسن اقبال

132

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو جلد از جلد سزا دے دی جائے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے ہمارے گھر کے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جاتا، 3 لوگوں سے زیادہ کسی کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا جارہا، اس کی وجہ 8 ستمبر کا جلسہ ہے جس سے یہ لوگ خوف زدہ ہیں، کل بھی صرف عمر ایوب اور شبلی فراز کو جانے دیا تھا اور آج بھی متعدد رہنماباہر بیٹھے رہے۔علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کی ضمانت کے لیے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں ،جج صاحب نے بھی پیر کی تاریخ دے دی، اب یہ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو جلد از جلد سزا دے دی جائے، انہوںنے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس کے ذریعے جج کو پیغام بھیجا ہے۔ ہم کب تک ان کا تماشا برداشت کرتے رہیں گے؟ادھروفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں 5 اسٹار ہوٹل کی سہولتیں دی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ میں اور رانا ثنا اللہ جیل میں رہ چکے ہیں۔ ہمارے مقابلے میں بانی پی ٹی آئی کو 5 اسٹار ہوٹل کی سہولیات دی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں واضح کردوں آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملے گا۔ہم نے امریکی کانگریس یا ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے پاؤں نہیں دبائے۔عمران خان عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ علاوہ ازیںاڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردیدکی ہے، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کوجیل مینول کے مطابق تمام سہولتیں دستیاب ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی سیکورٹی اور صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے،بانی پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں۔بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی صداقت نہیں،جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کھانے کے لیے علیحدہ کچن دیا گیا ہے ان کی سیکورٹی کے لیے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے اور انہیں پڑھنے کے لیے کتابیں بھی دستیاب ہیں۔جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہفتے میں 2 دفعہ فیملی، وکلاء اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے۔جیل میں سماعت کے موقع پر بھی وہ ملاقاتیں کرتے ہیں انہیں ٹیلی وژن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک انگریزی روزنامہ روزانہ دیا جاتا ہے انہیں ورزش کے لیے مشین اور واک کے لیے جگہ بھی دستیاب ہے۔انہیں 2 مشقتی دیے گئے ہیں جو دن کے اوقات میں دستیاب ہوتے ہیں، عمران خان کی سیکورٹی اور صحت کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔