پنڈی ٹیسٹ: پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ پہلے روز بارش کی نذر

220

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی):پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا ۔ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں موسلا دھار بارش اور گیلی آٹ فیلڈ کے باعث ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا اور امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔ مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ، راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی ۔
ٹیسٹ کرکٹ میں یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی فتح تھی ۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جن میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان) ، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں، فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔