منشور کے مطابق غریب عوام کو سولر پینل دے رہے ہیں،بلاول

47

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کے بل سے عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے۔ مہنگی بجلی سے نجات کا واحد حل سولر انرجی ہے، حکومت سندھ صوبے کے غریب لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی،اسی مقصد کو پیش نظر رکھ کر انہیں سولر سسٹم دیے جارہے ہیں۔ توانائی بحران کے حل کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کریں تو بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے ایک غلط فیصلے سے قومی معیشت کو سخت نقصان پہنچا اور اس کے نتائج آج تک معیشت بھگت رہی ہے۔ وہ جمعرات کو چیف منسٹر ہاؤس میں
حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں سولر سسٹم دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر توانائی سندھ سید ناصرحسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ توانائی سے متعلق وفاقی حکومت کا فیصلہ سمجھ سے بالاہے ، اچانک فیصلے کبھی زیادہ دیرپا اور پائیدار نہیں ہوتے ، ہمارا وژن پاکستان اور اس کے غریب عوام ہیں۔ سولر انرجی کاسندھ حکومت کا منصوبہ ہمارے منشور کے مطابق ہے، مہنگائی کا اثر بجلی کے بلوں پر زیادہ پڑا ہے اور ہم چاہ رہے تھے کہ اس پر عوام کو ریلیف دیا جائے، ہماری الیکشن کے منشور میں بھی سوچ تھی کہ اگر ہمیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ملے گی تو ہم ایسے منصوبے ملک میں لے کر آئیں گے جس سے غریب طبقے کو سولر انرجی کے تحت سپورٹ کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ پن بجلی اور شمسی توانائی کا استعمال بھی ہمارے منشور میں شامل ہے، تھرکے کوئلے سے 5 یا ساڑھے 5 روپے فی یونٹ بجلی بنے گی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہنے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی قیادت میں آج تاریخی دن ہے، سندھ حکومت آج 2 لاکھ سولر پینل تقسیم کررہی ہے، سولر سسٹم غریب گھرانوں کو دیے جا رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سولر سسٹم میں 80 تا 100 واٹ کی سولر پلیٹس شامل ہیں، ہم سولر سسٹم میں 18 اے ایچ کی لیتھیئم بیٹری، ایک پنکھا، 3 بلب اور موبائل چارجر بھی دیں گے۔