عمران خان کے سیکورٹی انچارج کے بازیابی کیس میں ایس پی اور ایس ایچ او طلب

223

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق سیکورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کے کیس میں متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او شالیمار کو آج طلب کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے لاپتا عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی درخواست پر سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے26 اگست کو
بغیر وارنٹ سیکٹر ایف 10 میں واقع پیٹرول پمپ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ تھانے میں عمر سلطان کی بازیابی کے لیے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عمر سلطان کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور عمر سلطان کے خلاف مقدمات اور نظر بندی کے احکامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار کا اپنے کہنا تھا کہ عمر سلطان کی گرفتاری و اغوا کو غیر قانونی قرار دیا جائے، حبس بے جا میں رکھنے کی غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا جائے جبکہ اغوا کاروں کا تعین کرکے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایس پی اور ایس ایچ او کوآج جمعرات کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیںبانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے معاملے پر اپیل کی جلد سماعت کی درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی۔ وکیل بیرسٹر علی ظفر نے درخواست دائرکی جس میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لییمقرر کیا جائے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔