ادارہ ترقیات کراچی بنیادی مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہے،شجاعت حسین

110

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے کہاہے کہ ادارہ ترقیات کراچی پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے بنیادی مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ماضی و قریب میں صنعتی شعبہ سے وابستہ صنعتکاروں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے اوربنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل قریب میں بھی شعبہ صنعت کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے کہا کہ مذکورہ ایسوسی ایشن کے ساتھ روابط کومزید مضبوط اور باہمی مفادات کو ترجیحی دی جائے گی۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے کورنگی 6000روڈ پر موجود تجاوزات کی نشاندہی کی جس پر ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ مذکورہ روڈ پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو ہنگامی بنیادوں پر مسمار کیا جائے، قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کے ڈی اے افسران اور مذکورہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی ماہانہ بنیاد پر اجلاس طلب کرے گی ۔