عمران خان کی وکلااوررہنماؤں سے ملاقات کیلیے متفرق درخواست

60

اسلام آباد(آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وکلاء اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔اس سے قبل بھی وہ اس بارے میں درخواستیں دائر کرکے ریلیف حاصل کر چکے ہیں۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوفریق بنایا گیاہے ۔بدھ کودرخواست بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملاقاتوں سے متعلق 26 فروری کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے، سیاسی رہنماؤں اور وکلاء کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی،فیصلے کے مطابق 6 وکلاء اور 6 سیاسی رہنما ہفتے میں2 دن ملاقات کرسکتے ہیں مگر جیل حکام فیصلے پر مکمل عمل درآمد نہیں کررہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اس وقت کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں کاٹ رہے، بانی پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوقِ کی خلاف ورزی پر عدالتی نوٹس لیا جائے، عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر کارروائی کی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کی رپورٹ طلب کی جائے۔