صحافی محمد بچل گھنیوکے قتل کیخلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

80

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آواز ٹی وی کے گھوٹکی روانتی میں شہیدہونے والے رپورٹرمحمد بچل گھنیوکے قتل کے خلاف بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے میں کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد، پی ایف یوجے کے رہنماخورشید عباسی،کراچی پریس کلب کے سابق گورننگ باڈی ممبرذوالفقار راجپرسمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے محمدبچل گھنیو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ محمدبچل گھنیوں اورجان محمد مہر سمیت قتل ہونے والے تمام صحافیوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صحافی نصراللہ گڈانی کے بعد صحافی محمد بچل گھنیوں کو بھی شہید کردیاگیا،جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔گھوٹکی صحافیوں کے لے خطرناک ترین ڈسٹرکٹ بن گیا ہے۔سندھ حکومت اور اس کے ماتحت قانون نافذ کرنے والے ادارے صحافیوں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں مکمل طور پرناکام ہو گئے ہیں۔تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود قاتل تو گرفتار نہیں ہوئے بلکہ مقتولین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قاتل اتنے باثراور طاقتور ہیں کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خاطر میں نہیں لاتے۔شعیب احمد نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ نے کئی بار جان محمد مہر سمیت دیگر صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تسلیاں دیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بے معنی نظر آئیں۔انہوں نے کہاکہ اگر جان مہر کے قاتلوں کو بروقت گرفتار کرلیا جاتا تو شر پسندوں اور دہشت گردوں کے حوصلے اتنے بلند نہ ہوتے کہ وہ دن دیہاڑے صحافیوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمدبچل گھنیو جان اور محمد مہر سمیت تمام صحافی شہدا کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، مظاہرے سے پی ایف یو جے کے رہنما خورشید عباسی سمیت متعدد صحافی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔