اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کیا آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ججوں کی عمر بڑھانا رہ گیا ہے؟ آج ضرورت ملکی
مسائل کو حل کرنے کی ہے، دو تین سال ججز کی عمربڑھانے سے پاکستان کو کچھ نہیں ملے گا، توقع کرتا ہوں کہ جو آج ججز بیٹھے ہیں وہ خود اس قانون کو رد کردیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی انتشار اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایک تنظیم کھلم کھلا دہشتگردی کا اعلان کررہی ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھیں اور سیاسی مسائل کا حل ڈھونڈیں، ہمارے گھر میں اگر اتفاق نہیں ہوگا تو پھر دشمنوں کو موقع ملے گا، کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں اور ہم پر حملہ آور ہوجائیں،اس سے عوام کے اندر بھی تشویش پھیلتی ہے اور ملک بھی کمزور ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر کرسی کےلیے دوڑ لگی ہوئی ہے، انتخابات کے اندر نفاق پیدا ہوا، مینڈیٹ مشکوک بنا ہوا ہے، ان سب چیزوں کو دور کرنا ہوگا، پاکستان ان چیزوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔معیشت کی بات کی جائے تو ہر آدمی معاشی مسائل سے دوچار ہے۔ ملک میں ترقی رک گئی ہے، کاروبار رک گیا ہے ، اس سے ہرکوئی پریشان ہے، اس سارے مسئلے کا حل سیاسی استحکام سے ہوگا، ورنہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔