راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ) پنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کیخلاف سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس کم ہو گئے۔ آئی سی سی کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران پاکستان کو 6 اوورز کم ہونے پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے جبکہ میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ بنگلا دیش کو بھی سلو اوور ریٹ پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں3 پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا جبکہ میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، بنگلادیش کے 3 اوورز کم پائے گئے۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود اور بنگلادیشی کپتان نجم الحسین شانتو نے مجوزہ سزا کو قبول کر لیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اسٹینڈنگ میں 8ویں نمبر پر برقرار ہے جبکہ 3 پوائنٹس کم ہونے کی وجہ سے بنگلا دیش 5 ویں پوزیشن سے 7ویں نمبر پر آگیا، انگلینڈ چھٹے سے چوتھے نمبر پر جبکہ سری لنکا 5ویں نمبر پر آگیا ۔ بنگلا دیش نے اتوار کو پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی، یہ پہلا موقع تھا جب بنگلا دیش نے پاکستان کو کسی ٹیسٹ میچ میں شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ 13ٹیسٹ میچز میں 12 پاکستان نے جیتے جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا، دونوں ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔