قطر میں ٹریفک حادثات کی تصویر بنانے والوں کو انتباہ

119

دوحا قطر (لیاقت انجم) قطر کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے ایک سخت تنبیہ جاری کی ہے کہ اجازت کے بغیر سڑک کے حادثات کی تصویر بنانا غیر قانونی ہے اور اس کے سنگین قانونی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ٹریفک کے تفتیشی افسر کیپٹن خالد عبداللہ الکواری نے قطر ٹی وی پر اس بات پر زور دیا کہ حادثات کی غیر مجاز تصاویر لیتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کو قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ کسی دوسرے شخص کی رازداری پر حملہ ہے۔ اسی لیے،اس پر دو سال تک قید اور 10,000 قطری ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ قانون فوٹو گرافی کی اجازت صرف ان لوگوں کو دیتا ہے جو حادثے میں براہ راست ملوث ہوتے ہیں تاکہ سرکاری ریکارڈ کے لیے میتراش 2 ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اسے رجسٹر کریں۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آگاہی کی کوششوں کا کام متعلقہ اداروں پر چھوڑ دیں۔ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے والوں کے لیے، گاڑی کی نمبر پلیٹ اور کسی بھی نظر آنے والے نقصان کی تصویر بنانا کافی ہے۔