اسلام آباد(نمائندہ جسارت) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چند لوگ استعمال کرکے بلوچستان میں افراتفری پھیلائی جارہی ہے،بلوچستان کے معاملے پر سیاست نہ کریں، چاہے آپریشن پر 1 ہزار ارب لگیں ہمیں مل کر اس دہشت گردی پر قابو پانا اور امن لانا ہوگا۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں بلوچستان جارہے ہیں ، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں،ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑنے والوں کے اقدامات کی مذمت اور اْن کے خلاف کارروائی ضروری ہے، یہ بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور وہ ملک کو بحرانی کیفیت سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہم نے آپریشن ضرب عضب اورآپریشن ردالفساد کے ذریعے صورت حال کو قابو کیا، ہم نے پیٹ کاٹ کر یہ قدم اٹھایا کیونکہ آپریشنز پر سالانہ 100 ارب روپے خرچ ہوئے۔علاوہ ازیں ایوان بالامیں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جب کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ،بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کا احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ اس ایوان کو ربڑ اسٹیمپ نہیں بنانے دیں گے۔