مقبوضہ کشمیر،بھارت نے لداخ میں 5نئے اضلاع بنادیے

36

لہہ (اے پی پی)بھارت نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لداخ خطے میں 5 نئے اضلاع تشکیل دیے ہیں جس سے اس کے مذموم عزائم کے بارے میں نئے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نئے اضلاع کے نام زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھنگ ہیں۔ ماہرین لداخ میں نئے اضلاع کی تشکیل کو خطے کے مزید ٹکڑے کرنے کی طرف ایک قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں جس سے لوگوں کے سیاسی حقوق اورتحفظ کے مطالبات کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت سیاسی اختیارات دیے بغیر یا چھٹے شیڈول کے نفاذ کے بغیر نئے اضلاع بنا کر لداخ کی علاقائی شناخت اور طاقت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس اقدام سے لداخ کے لوگوں کا فیصلہ سازی کا اختیار ختم ہو سکتا ہے اور نئی دہلی سے بیوروکریٹک کنٹرول میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس اقدام سے نئے اضلاع کے اختیارات اور ذمے داریوں کے بارے میں سوالات کھڑے ہوگئے ہیںکہ آیا یہ اضلاع مکمل طور پر فعال ہوں گے یا محدود اختیارات کے ساتھ ذیلی ڈویژنوں کی طرح کام کریں گے۔ اس سے لداخ کے لوگوں میں الجھن اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور حکومت کے پر ان کا اعتمادمزید کم ہوا ہے۔