شیل پاکستان کی خالص آمدنی بڑھ کر 112.45 ارب روپے ہوگئی

159

کراچی(کامرس رپورٹر) شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے ماتحت ادارے شیل پاکستان لمیٹڈ نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے تین ماہ کے عرصے میں 1.13 ارب روپے کے منافع کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو جاری ہونے والی اپریل تا جون سہ ماہی کے نتائج گزشتہ سال کے اسی عرصے میں رپورٹ کیے گئے 8.3 ارب روپے کے منافع کے مقابلے میں بہت زیادہ کم ہیں، جو سالانہ 86 فیصد سے زیادہ کی کمی ہے۔اس کے نتیجے میں شیل پاکستان کی فی حصص آمدنی 4.69 روپے رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ آمدنی 38.79 روپے تھی۔ 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران شیل پاکستان کی خالص آمدنی بڑھ کر 112.45 ارب روپے ہوگئی جو گزشہ سال کی اس مدت میں 103.46 ارب روپے تھی جو تقریبا 9 فیصد اضافہ ہے تاہم زیادہ فروخت کے باوجود کمپنی کا مجموعی منافع مالی سال 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں تقریبا ایک فیصد کم ہوکر 5.95 ارب روپے رہ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 5.99 ارب روپے تھا۔مالی سال 24 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران او ایم سی کے آپریشنل اخراجات 6.42 ارب روپے رہے جو 12 فیصد کم ہوئے جس کی بنیادی وجہ دیگر اخراجات میں کمی ہے جو 1.81 ارب روپے کے مقابلے میں 74 فیصد کمی کے ساتھ 46 کروڑ 58 لاکھ روپے رہ گئے۔ تاہم مالی سال 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں کمپنی کی دیگر آمدنی میں 76 فیصد سے زائد کی نمایاں کمی واقع ہوئی اور یہ 2.79 ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ مال سال کی اس مدت میں یہ 11.74 ارب روپے تھی۔نتیجتا شیل پاکستان نے مالی سال 24 کی چوتھی سہ ماہی میں 2.32 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا جبکہ گزشتہ مال سال کی اس مدت میں اسے 10.4 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع ہوا تھا۔