محکمہ تعلیم ٹھٹھہ کی سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم شروع

91

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت ) محکمہ تعلیم ٹھٹھہ کی جانب سے سندھ کے صوبائی وزیر خاص کی ہدایات پر بچوں کو تعلیم سے نوازو اور سندھ کو خوشحال بناؤ سندھ انرولمنٹ مہم کے تناظر میں ڈی ای او پرائمری ٹھٹھہ نظام الدین کھدائی، ڈپٹی ڈی ای او ٹھٹھہ ممتاز بجورو، ٹی ای او ٹھٹھہ محمد بخش بھرانی، اے ای او عبدالجبار ردھانانی بلوچ، ہیڈ ماسٹر امیت کمار، ستار سرائی، راشد سومرو اور دیگر پرائمری اساتذہ کے ساتھ شیخ فرید چوک سے لیکر مین اسٹاپ تک ریلی نکالی۔ انہوں نے ہر ایک تاجر اور معزز شہریوں کو آگاہ کیا کہ آپ اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخلہ کروائیں اورتعلیم جیسے زیور سے نوازیں۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اچھی تعلیم دی جاتی ہے ان کے ساتھ مفت میں کتابوں قابل استادوں کے ساتھ تعلیم سے نوازا جاتا ہے۔ ٹھٹھہ میں شیخ فرید چوک سے مین سٹاپ تک ریلی کے دوران تمام دکانداروں اور شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں ہینڈ بل دیے اور کہا کہ وہ اپنے تمام بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں، جہاں پر سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ تعلیم یافتہ اساتذہ کی نگرانی میں دی جا رہی ہے، جہاں اسکول کے لڑکوں اور لڑکیوں کو مفت داخلہ، مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ مفت نصابی کتب کے ساتھ ساتھ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے تاکہ وہ پریشانی سے بچ سکیں۔ ڈی ای او پرائمری ٹھٹھہ نظام الدین کھدائی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے اور جو بچے اسکولوں میں داخل نہیں ہو سکے ان کے والدین سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر ہے، ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد پرائیویٹ اسکول بند کر کے تمام بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کر کے انہیں بہترین تعلیم دی جائے، جس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل بہتر ہو اور ہم جہالت سے نجات حاصل کر سکیں۔