کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش

161

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے ۔

شہر کے اہم علاقوں جیسے آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، طارق روڈ، پی ای سی ایچ ایس، گلشن معمار، ملیر، ائیرپورٹ، گلستان جوہر، ڈیفنس، ایف بی ایریا، اور بفر زون میں بارش کا سلسلہ تیز ہوا کے ساتھ برقرار ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔  ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔

مون سون کی شدید بارشوں سے سندھ کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا امکان ہے اور اس دوران سمندر میں اونچی لہریں آنے کی توقع ہے۔

پیش گوئی کے پیش نظر شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق، یہ بارشیں بھارتی گجرات سے آنے والے سسٹم کے زیر اثر ہو رہی ہیں، جہاں احمد آباد اور سورت سمیت دیگر شہروں میں پچھلے 12 سے 14 گھنٹوں سے موسلادھار بارش جاری ہے۔

بھارتی حکومت نے شدید بارشوں کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ احمد آباد میں رواں مون سون کی اب تک کی سب سے زیادہ 6 انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بڑودہ میں 270 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔