اسپیکر سندھ اسمبلی کا سویٹ ہوم سکھر کے بچوں کیلیے گرانٹ کا اعلان

147

سکھر (نمائندہ جسارت) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے پاکستان سویٹ ہوم سکھر کے بچوں کے لیے ذاتی فنڈ سے 10 لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم سکھر کے دورے کے موقع پر کیا اور 10 لاکھ روپے کا چیک پاکستان سویٹ ہوم انتظامیہ کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم سکھر میں 101 بچے موجود ہیں، سویٹ ہوم میں موجود بچوں کے وارث ہم ہیں، سید خورشید احمد شاہ اور ہم نے اسی لیے سویٹ ہوم قائم کیا تھا کہ ان بچوں کا سہارا بن کر خدمت کریں۔ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے لیے کام کرنے والے اس طرح کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہییں، تاکہ یہ بچے بھی معاشرے کے دیگر بچوں کی طرح اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکیں، پاکستان سویٹ ہوم کے بچے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، بطور اسپیکر سندھ اسمبلی مجھ سے جتنا ہو سکے گا، ان کے لیے کروں گا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے دورے کے دوران پاکستان سویٹ ہوم کی لائبریری، رہائش اور بچوں کو دی گئی دیگر سہولیات کا جائزہ بھی لیا، جبکہ بچوں کے ساتھ وقت بھی گزارا اور ان سے تعلیم اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے پاکستان سویٹ ہوم انتظامیہ کو بچوں کو سندھ اسمبلی کا دورہ کرانے کی بھی دعوت دی۔