لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام تحصیل لاڑکانہ کا انتخابی اجلاس گلشن شہید اسلام جامعہ اسلامیہ میں ہوا، جس میں مرکزی معان ناظم انتخاب علامہ ناصر خالد محمود سومرو اور سندھ کے معاون ناظم انتخاب محبت علی کھڑو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انتخابی اجلاس کی نگرانی جمعیت علماء اسلام لاڑکانہ کے ناظم انتخاب فقیر سکندر علی نقشبندی، معاونین مولانا طارق حسین پہنور، مولانا بشیر احمد بھٹی اور جمعیت علماء اسلام لاڑکانہ کے ناظم انتخاب مولانا ثنااللہ جتوئی نے کی۔ اجلاس میں آئندہ 5 سال کے لیے متفقہ طور پر بلامقابلہ جمعیت علماء اسلام تحصیل لاڑکانہ کا امیر مولانا طاہر خالد محمود سومرو کو منتخب کیا گیا جبکہ تحصیل کے جنرل سیکرٹری کے انتخاب پر مولانا محمد الیاس چنہ، فقیر سکندر علی نقشبندی اور امیر دین لولائی کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں مولانا محمد الیاس چنہ انتخاب جیت کر آئندہ 5 سال کے لیے تحصیل کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اس موقع پر نومنتخب امیر مولانا طاہر خالد محمود سومرو اور مولانا محمد الیاس چنہ نے ایران میں المناک سانحے پر دُکھ اور اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا، مہنگائی نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا، بجلی کے بل آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں جس کی وجہ سے غریب طبقہ خودکشی کرنے پر مجبور ہے، حکومت فوری مہنگائی کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے، ورنہ عوام حکمرانوں کا جینا دوبھر کر دیں گے۔