لاڑکانہ: امن و امان خراب کرنے والوں کیخلاف آپریشن پر غور

52

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو کی زیر صدارت پولیس کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم کے اعداد وشمار کا جائزہ لیا گیا اور جامع منصوبہ بندی کے تحت ایکٹو کرمنلز کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے احکامات جاری کیے گئے۔ منشیات کی روک تھام، اسکریپ ڈیلرز، نارکوٹیکس ڈیلرز کی گرفتاریوں اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ و انٹلیجنس بیسڈ آپریشن زیر غور ہے۔ ایس ایس پی نے قتل جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری اور روپوش ملزمان کے شناختی کارڈز ایک ہفتے میں بلاک کرانے کے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں اشتہاریوں، روپوشوں اور منشیات فروشوں سمیت جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ شہدائے پولیس کانفرنس ہال میں جاری اجلاس کے دوران ایس ایس پی نے تمام تھانوں کی کارکردگی، قبائلی تنازعات اور تھانوں کی حدود میں جرائم کے اعداد و شمار سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ایس پی نے قتل و ڈکیتی جیسے سنگین جرائم/کیسز کی پراگریس چیک کی اور مذکورہ جرائم میں ملوث و مطلوب ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے۔