کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایران بس حادثے میں جاں بحق زائرین کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق بلاول زرداری نے جاں بحق زئرین کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کی ہدایت کی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بس حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے50لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کے لیے10 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کردیا۔ حادثے میں جاں بحق 28 زئرین میں سے 10 کا تعلق لاڑکانہ، 6کاکشمور، 4کا خیرپور، 3کا قمبرشہدادکوٹ اور 3 کا تعلق کراچی سے تھا جبکہ دادو اور جامشورو کے بھی ایک ایک زائر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے25 افراد میں سے8کا تعلق لاڑکانہ،5 کاقمبرشہدادکوٹ، 4 کا خیرپور اور 3 کا دادو سے ہے۔ جبکہ نوشہرو فیروز، شکارپور، کراچی اور سہون کا ایک ایک شخص شامل ہے جبکہ ایک کا تعلق بلوچستان سے ہے۔بلاول زرداری کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے اندوہناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے جسد خاکی اور زخمیوں کو لانے کے لیے سی ون تھرٹی طیارہ ایران بھیجا ہے۔ سندھ حکومت نے میتوں کو ائرپورٹ سے آبائی علاقوں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسز کا بھی بندوبست کیا ہے۔کرچی میں منتقل ہونے والے زخمیوںکے لیے ائرایمبولینس کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کو سکھر اور جیکب آباد ائرپورٹس پر لاشیں وصول کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے روانہ کردیا ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رحیم یار خان میں ڈکوؤں کے پولیس پر حملے کی بھی شدید مذمت کی شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو پنجاب پولیس سے رابطے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جو بھی مدد درکار ہے وہ فوری کی جائے، ڈاکوں کے خلاف سندھ، پنجاب اور بلوچستان پولیس مشترکہ آپریشن کی منصوبہ بندی کرے۔انہوں نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہے۔