اسلام آباد(نمائندہ جسارت) صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کیلئے تیاریاں مکمل ہیں اور ملک بھر سے تاجروں نے شٹرڈاون کو کامیابب بنانے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ،ہم نے پرویز مشرف کے آمریت کے دور میں بندقوں کے سائے میں ٹیکس نافذ نہیں ہونے دیا اور اب یہ ہمیں انتظامیہ اور پولیس سے ڈرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں تاجر کسی سے نہیں ڈرتا میرا پیغام کے کہ اگر میرے ملک کے کسی تاجر کی طرف کسی نے انگلی بھی اٹھائی اورکسی ایک تاجر کو بھی گرفتار کیا تو ہم نے تو ابھی ایک دن کی شٹر ڈائون کی کال دی ہے اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئیے توغیر معینہ مدت کیلئے ملک بھر میں شٹر بھی بند ہو گا اور پہیہ بھی جام ہوگا۔حکمرانوں تجارت اور صنعت کا پہیہ بند نہ کروں ورنہ تمہارا نظام بھی بند ہو جائے گا اور کہا کہ تاجردوست اسکیم کے خاتمے کے نوٹیفکیشن کے بغیرہڑتال ختم نہیں ہو گی ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ہنگامی دوروں اور تاجر رہنماوں سے ملاقاتوں کے بعد اسلام آباد میں چیرمین فیڈریشن آف رئیلٹرزمسرت اعجاز خان ،ملک ظہیر احمد جنرل سیکرٹری تنظیم تاجران اسلام آباد ،عمران عزیز صدر بزنس فورم آزاد کشمیر ،چوھدری یسین جنرل سیکرٹری بزنس فورم آزاد کشمیر، شعیب عباسی و دیگر تاجر رہنمائوںں کے ہمراہ پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر نے تاجروں کو تقسیم کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنانے شروع کر دیے ہیں اور انتظامیہ اور پولیس کے ذریعے تاجروں کو ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاجر اپنا ٹیکس دیتے ہیں اور کسی سے نہیں ڈرتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایف بی آر حکام کے ساتھ متعدد میٹنگز اور ملاقاتیں کیں اور تاجروں کے تحفظات سے آگاہ کیا ، وزار ت خزانہ کے ساتھ مسلسل ڈائیلاگ ہوئے اور حکومت کومعیشت کی بہتری کیلئے تجاویز دیں لیکن پھر بھی حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے در کو نہ چھوڑا اور غیر کے در سے امید لگا کر کروڑوں پاکستانیوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا حکمرانوں اور اشرافیہ و بیوروکریسی نے نہ تو اپنی مراعات کو ختم کیا اور نہ اپنی عیاشیوں کو چھوڑنے کیلئے تیار ہیں اور اپنی عیاشیوں کیلئے تاجروں اور ان کی دوکانوںپر کئی60ہزاراور کئی 45 ہزار مہینہ”شہنشاہی ٹیکس” نافذ کیا گیا ہے اور اسے تاجر دوست اسکیم کا نام دیکر تاجروں کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے اور اب جب ملک گیر شٹر ڈائون ہونے جا رہا ہے تو ایف بی آرتاجروں سے وڈیو لنک پر رابطے کرنے شروع کر رہا ہے ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تاجر دوست اسکیم کے خاتمے کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہڑتا ل ختم نہیں ہوگی انہوںنے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کرے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جا ئے ، سنگل ٹیکس نظام رائج کیا جائے اور تاجروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہا جائے ملک بھر کے تاجر متحد اور متفق ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے تاجروں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کر رکھا ہے اور جب بھی تاجروں پر کوئی برا وقت آیا ہم نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔