کراچی: ملک میں انٹرنیٹ سست ہونے کی وجہ سے ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے، وہیں ٹیلی کام آپریٹرز نے بھی وزیراعظم سے مسئلہ حل کرنے کے لیے مدد مانگ لی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ سست ہونے کے معاملے پر وزیراعظم سے خط کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے، جس میں مسئلہ حل کرنے کے لیے مدد کی درخواست کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کے نتیجے میں جہاں آئی ٹی سے وابستہ فری لانسرز اور دیگر اداروں کے منصوبے شدید متاثر ہو رہے ہیں، اسی طرح کمپنیوں کو بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔خط میں بتایا گیا ہے کہ فری لانسنگ ویب سائٹ فائیور نے پاکستان کے فری لانسرز پر پابندی لگا دی ہے۔
خط کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے سے جی ڈی پی پر نقصان کی حد تک منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اسی طرح انٹرنیٹ سست ہونے سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری بھی کم ہونے کے خدشات پیدا ہو چکے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے انٹرنیٹ کی انتہائی سست رفتاری پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے مسئلہ حل کروانے کی اپیل کی ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سست ہونے سے ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک سال میں 12 ارب روپے اور حکومت کو محصولات کی مد میں کم و بیش 3 ارب روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔