اٹک :اسکول وین پر فائرنگ ،2 طالبات جاں بحق ،ڈرائیور سمیت 6 زخمی ،صدر ،وزیراعظم کا اظہار افسوس

109

اٹک (صباح نیوز) اٹک میں نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ سے 2طالبات جاں بحق اور6زخمی ہوگئے ،صدر آصف علی زرداری‘ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف ‘وزیرداخلہ محسن نقوی کا واقعے پر اظہارافسوس‘ رپورٹ طلب کرلی‘ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت‘وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی واقعے کانوٹس لے لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ نامعلوم افراد
نے اسکول وین پر فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر 2طالبات جاں بحق اور6زخمی ہوگئے‘فائرنگ میں اسکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، تمام بچوں کی عمریں10سے12 سال ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔مریم نواز نے فائرنگ سے 2 طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار بھی کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کردی۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ صدر مملکت نے جا ںبحق بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف جاں بحق ہونے والے بچوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا، وزیراعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ،میاں شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں پر اس طرح کا حملہ انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ عمل ہے ۔وزیراعظم نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ۔ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے 2 بچوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہاراور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ سکول وین میں موجود بچوں پر فائرنگ درندگی ہے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس طرح کی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔