کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے صوبہ سندھ لاڑکانہ شہر سے جانے والی زائرین کی بس کو ایران میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت زخمیوں اورمتاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے فوری اورنتیجہ خیزاقدامات کرے۔صوبائی نائب امرا پروفیسرنظام الدین میمن،حافظ نصراللہ عزیز ،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا نے ایک مشترکہ
بیان میں زائرین کے بس حادثے پرسندھ حکومت کی نااہلی اورانہیں بے یارومددگار چھوڑنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی ذمے داری وہ اپنے شہریوں کی مالکی کرے ۔لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے وزرا اورمنتخب نمائندوں کا اس حوالے سے کردارمایوس کن ہے ۔واقعے پرایران میں موجود سفارتی عملے کی سستی ولاتعلقی کا بھی نوٹس لیاجانا چاہیے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے دکھی خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی،زخمیوں کی جلدصحت یابی اورمرحومین کی مغفرت ،درجات کی بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔