روالپنڈی ٹیسٹــ: پاکستان کی گرفت مضبوط‘447رنز پراننگز ڈکلیئر

37

روالپنڈی( رپورٹ: سید وزیرعلی قادری) رالپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی‘ پاکستان نے 447رنز 6وکٹ پر انگز ڈکلیئرکردی‘ محمد رضوان کے ناقابل شکست 171 رنز‘ سعود شکیل کے141رنز‘ بنگلادیش نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنالیے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 158 رنز 4 وکٹوں کے نقصان سے کیا، سعود شکیل اور محمد رضوان نے
ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کیلئے دوسری سب سے بڑی شراکت قائم کی۔سعود شکیل 141 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے‘ سلمان علی آغا 19 رنز بناسکے۔ محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کو ابتدا میں محض16کے اسکور تین وکٹوں کانقصان اٹھانا پڑا‘ اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ 3 وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا تھا۔ بابراعظم ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔