رحیم یار خان ،کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا پولیس کی گاڑیوں پر رکٹوں سے حملہ ،11 اہلکار شہید

148

رحیم یار خان(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس پر شدید حملہ کیا جس میں 11 اہلکار شہید جبکہ 3زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ 2 پر ڈاکوؤں نے پولیس موبائلوں کو راکٹ لانچروں سے نشانہ بنایا۔ پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کیمپ قائم کیا ہوا
تھا، جہاں پر 25 کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے شدید حملہ کیا۔راکٹ لانچر کے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ جبکہ 11 اہلکار موقع پر شہید اور3 زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے،نفری کی قیادت ضلعی پولیس آفیسر عمران کررہے ہیں۔صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم میاںشہبازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے،انہوںنے شہداکی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچے کے علاقے میں پولیس پر راکٹ لانچرز سے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی جبکہ انہوں نے آئی جی سندھ کو اگلے احکامات تک سیکورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔