کے الیکٹرک نرخوں میں اضافہ ،اہل کراچی مزید 12 ارب کا اضافی بوجھ نہیں اٹھا سکتے ،منعم ظفر خان

140

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر2ماہ کے لیے 5.75روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بجلی قیمتوں میں اس اضافے کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ 5.75روپے فی یونٹ کے اس اضافے سے کراچی کے صارفین پر 10سے 12ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جو سراسر ظلم و نا انصافی ہے ،اہل کراچی اس ظالمانہ اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے ، اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور کراچی کے عوام کو این ٹی ڈی سی سے بجلی فراہم کی جائے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ نیپرا عملاً کے الیکٹرک کے لیے ربڑ اسٹیمپ کے طورپر کام کر رہا ہے اور عوامی مفادات کے بجائے کے الیکٹرک کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے ۔ حکومت ، نیپرا اورکے الیکٹرک کا ایک شیطانی اتحاد ہے جو کراچی کے عوام کے خلاف اقدامات کر رہا ہے ۔ کے الیکٹرک کی اضافے کی ہردرخواست کو منظور کر لیا جاتا ہے ، نیپرا سماعت کے دوران بھی کراچی کے صارفین کے نمائندوں کی اعتراضات اور شکایات کو یکسر نظر انداز کر کے کے الیکٹرک کو ہی نوازا جاتا ہے ، فی یونٹ اضافے کی حالیہ درخواست میں بھی کے الیکٹرک کی درخواست سے زیادہ کی رقم کی منظوری دی گئی جو انتہائی افسوسناک و قابل مذمت اور کراچی دشمنی کا ثبوت ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی کراچی کو ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کر رہی ہے اور ٹیکسوں کی بھر مار کے باعث بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے مشکل سے مشکل تر ہو تی جا رہی ہے،مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کے خلاف ملک بھر میں جماعت اسلامی کی تحریک اور جدو جہد جاری ہے ، جگہ جگہ احتجاج کیا جا رہا ہے اور عوام کے اندر ایک لاوا پک رہا ہے ، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے سے عوام کے اندر مزید اشتعال پیدا ہو گا ، انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کے لیے ایک مافیا کی شکل اختیار کر گئی ہے ،موجودہ حکومت سمیت ماضی کی ہر حکومت اور تمام حکمران پارٹیوں نے کے الیکٹرک کی حمایت اور سرپرستی کی ہے ۔ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو بلا تعطل اور سستی بجلی دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے ، اس نے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے عملاًکچھ نہیں کیا ، لائن لاسز بھی سب سے زیادہ کے الیکٹرک کے ہیں ، لوڈشیڈنگ روز کا معمول اور گرمی کے موسم میں عوام بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلتے ہیں ، اووربلنگ کی شکایات بھی عام ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت اور نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف ہمیشہ مؤثر اور توانا آواز اُٹھائی ہے اور اہل کراچی کی حقیقی ترجمان ثابت ہوئی ، نیپرا کی سماعت میں جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ پورے دلائل اور حقیقی اعداد و شمار کے ساتھ لڑتی ہے ۔ نیپرا سماعتوں میں کوئی پارٹی آج تک شریک نہیں ہوئی ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی لوٹ مار کے خلاف جدو جہد جاری رکھے گی اور کے الیکٹرک کی سرپرست حکومت ، نیپرا اور حکمران پارٹیوں کے کردار اور چہروں کو بے نقاب کرتی رہے گی ۔