اسلام آباد:صدر مملکت آصف زرداری نے پیدائشی نابینا شخص کو پنشن دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شہزادکو ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن والد کی پنشن کی ادائیگی یقینی بنائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ شکایت کنندہ کو ریاست کی جانب سے بے رحمانہ حالت میں نہیں چھوڑا جا سکتا، افسوس کہ ای او بی آئی نے معذورشخص کے ساتھ سنگین بے حسی کا مظاہرہ کیا، ای او بی آئی نابینا شہری کو اپنے موجودہ فنڈز میں سے پنشن ادا کرے۔
خیال رہے کہ محمد شہزاد (شکایت کنندہ) نے وفاقی محتسب کے پاس شکایت درج کرائی تھی، محمد افضل ظفر، ای او بی آئی کے اولڈ ایج پنشنر تھے ، 2016 میں وفات پا گئے۔ شکایت کنندہ کی والدہ باپ کی زندگی کے دوران ہی انتقال کر چکی تھی ، محمد شہزاد نے والد کے “معذور قانونی وارث “کے طور پر پنشن کیلئے ای او بی آئی سے درخواست کی جس کو ای او بی آئی نے پیدائشی نابینا شخص کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
ای او بی آئی کا مو قف تھا کہ صرف 18 سال سے کم عمر مرد فیملی پنشن کے اہل ہیں، محمد شہزاد 44 سال کے تھے۔ وفاقی محتسب کی جانب سے شکایت کی مزید تحقیقات بند ہونے کے بعد شہری نے صدر ِپاکستان سے اپیل کی تھی۔ صدر مملکت نے شکایت کنندہ کی اپیل منظور کی ، ادارے کو پنشن ادائیگی کی ہدایت کی ۔